• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز کے بعد اتحادی بھی ناراض، فیصلوں پر مشاورت ہونی چاہئے، وزیراعظم سے بات کروں گا، زرداری، MQM کا بھی اظہار تشویش

اسلام آباد ( نیوز ایجنسیاں ) پٹرول کی قیمت میں اضافے پر نواز شریف کے بعد اتحادی بھی ناراض ہوگئے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئر پرسن سابق صدر آصف زرداری اور ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے بھی پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے فیصلوں پر مشاورت ضرور ہونی چاہیے۔

پیپلز پارٹی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر سابق صدر نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب اس حکومت میں عوام کو ریلیف دینے آئے ہیں، عوام کو ریلیف دینا ہی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کا حصہ ہے اور وزیراعظم کے ساتھ ہیں، لیکن اس طرح کے فیصلوں پر مشاورت ضرور ہونی چاہیے۔ انہوں نے جلد وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ان سے ملاقات کے دوران معاشی ٹیم کے بارے میں بھی بات ہوگی۔

 ایم کیو ایم پاکستان نے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

 رابطہ کمیٹی کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ پیٹرول قیمتوں میں اضافہ مہنگائی میں اضافے کا سبب بنے گا۔عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود اضافہ سمجھ سے بالا تر ہے۔ رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے فیصلے پر نظرثانی کریں۔ 

اہم خبریں سے مزید