لوٹن (اسرار احمد راجہ) پاکستان اور بھارت کے جشن آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر لوٹن اینڈ ڈنسٹیبل ہسپتال میں کام کرنے والے سائوتھ ایشین نژاد ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے مشترکہ طور پر ہسپتال کے لیکچر ہال میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب کا انعقاد کرکے دونوں ملکوں کے افراد جو برطانیہ میں شعبہ صحت سے وابستہ ہیں،نے اپنے اپنے ملکوں کو یہ پیغام دیا کہ نفرتیں مٹا کر محبت و بھائی چارے کا پیغام عام کرنا چاہئے۔تقریب میں بھارت اور پاکستان کے قومی ترانے پیش کئے گئے، ڈاکٹرز و دیگر عملے نے اپنے روایتی لباس زیب تن کئے تھےجب کہ لیڈی ڈاکٹرز اور نرسز نے بھارتی اور پاکستانی گیت پیش کئے۔ تقریب میں خوبصورت دستر خوان بھی سجائے گئے جو دونوں ممالک کی مخصوص اور معروف ڈشز سے مزین تھے ۔ تقریب کی مہمان خصوصی میئر لوٹن سمیرا سلیم تھیں، جنہوں نے تقریب کو اچھی کاوش قرار دیا، انہوں نے پاکستان اور بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر این ایچ ایس کے سارے عملے کو مبارک باد دی اور کہا کہ برطانیہ ایک ملٹی کلچرل سوسائٹی ہے جس میں تمام ملکوں کے باشندے باہم امن اور بھائی چارے کے ساتھ رہتے ہیں۔ اس موقع پر میڈیکل کنسلٹنٹ ڈاکٹر رضوان بٹ ، سپائن سرجن ڈاکٹر غلام عباس، گائناکالوجسٹ ڈاکٹر شہناز اکبر ،ڈاکٹر عمرانہ بٹ، ڈاکٹر ڈنپو بگاوتی،ڈاکٹر رنچنا، ڈاکٹر نادیہ اعجاز، ڈاکٹر سائرش، کونسلر خدیجہ ملک، کمیونٹی رہنما چوہدری محمد قربان، کونسلر چوہدری جاوید اور دیگر بھی شریک تھے جنہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور پاکستان کو ایک دوسرے کے ساتھ باہم خوشگوار تعلقات قائم کرنے چاہئے اور اپنے وسائل غربت، جہالت اور بے روزگاری پر خرچ کرنے چاہئیں،دونوں ملکوں کو تمام ایشوز باہم حل کرنا چاہئیں۔