کراچی ( سید محمد عسکری) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور چیف سکریٹری سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت نے سیکرٹری بورڈز و جامعات مرید راحموں کی اس سمری کی منظوری دیدی ہے جس میں اب سندھ کی جامعات میں بیوروکریٹ اور سول سرونٹ بھی و ائس چانسلر تعینات ہوسکیں گے اس مقصد کے لیےپی ایچ ڈی اور 15تحقیقی پرچوں کی شرط ختم کردی گئی ہے۔مرید راحموں کی طرف سے بھیجی گئی سمری میںوائس چانسلر کیلئے اشتہار بھی منسلک تھا جس کے مطابق بیوروکریٹ،سول سرونٹ، کالج ٹیچر ، 17گریڈ یا اوپر گریڈ نجی یا سرکاری اداروں کے افسر بھی اب وائس چانسلر کے عہدے کے لیے درخواستیں دینے کے اہل ہوں گے تاہم ان کے لیے 20سال کا تجربہ جس میں 10برس کا انتظامی تجربہ بھی ضروری ہوگا، وائس چانسلر کے عہدے کے لیے عمر کی حد65سال سے کم کرکے62سال کردی گئی ہے ۔ سمری میں6جامعات مہران انجینئرنگ یونیورسٹی، لیاقت میڈیکل یونیورسٹی، اسکل ڈویلپمنٹ یونیورسٹی خیرپور، آئی بی اے سکھر، شہید اللہ بخش یونیورسٹی آرٹس اینڈ ڈیزائن اور اروڑ یونیورسٹی سکھر میں وائس چانسلر کے تقرر کیلئے اشتہار دینے کی بھی منظوری دیدی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی سمری منظور کرنے سےتاریخ میں پہلی مرتبہ تلاش کمیٹی کی جانب سے میرٹ پر انتخاب شدہ دو جامعات دائود انجینئرنگ اور سکھر ویمن یونیورسٹی کے وی سیز کے نام بھی مسترد ہوگئے ہیں اور اب ان جامعات کے وائس چانسلر کے لیے نیا اشتہار جاری کیا جائے گا۔