جنیوا (نیوز ڈیسک ) فن لینڈ کی وزیراعظم سنا مرین کی ایک ویڈیو لیک ہونے کے بعد انہیں اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،اس ویڈیو میں انہیں فن لینڈ کی بعض معروف شخصیات کے ساتھ ڈانس اور گانے گاتے دیکھا جا سکتا ہے۔اپوزیشن نے اُن کا ڈرگ ٹیسٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 36 سالہ سنا مرین نے اس بات کی تردید کی ہے کہ وہ منشیات کے زیر اثر تھیں اور اُن کا کہنا ہے کہ انہوں نے صرف شراب پی تھی اور وہ پارٹی کر رہی تھیں۔اس ویڈیو سے متعلق بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ وہ جانتی تھیں کہ ویڈیو بن رہی ہے لیکن انہیں اس بات پر افسوس ہے کہ یہ پبلک میں لیک کر دی گئی۔ان کا کہنا تھا ’میں نے ڈانس کیا، گایا اور پارٹی کی، یہ سب قانونی چیزیں ہیں۔اپوزیشن پارٹی کی لیڈر رِیکا پُرا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پر ’شک کا سایہ‘ منڈلا رہا ہے اور یہ کہ انھیں خود ہی ڈرگ ٹیسٹ کروا لینا چاہیے۔سنا میرین دسمبر 2019 سے حکومت میں ہیں اور انھیں اپنی جماعت کی حمایت حاصل ہے۔