کراچی (نیوز ڈیسک) برطانوی سلطنت میں شامل ملک اسکاٹ لینڈ کی جانب سے بھارت کو 7؍ چوری شدہ بیش قیمت نوادرات لوٹانے کا اعلان کیا ہے۔ کسی بھی برطانوی میوزیم کی جانب سے نوادرات کی واپسی کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، واپس کیے جانے والی اشیاء میں ہند و فارس کی ایک تلوار، جس کے متعلق کہا جاتا ہے کہ یہ 14ویں صدی کی ہے، شامل ہے۔ یہ تلوار 1905ء میں نظام آف حیدرآباد دکن کے ذاتی خزانے سے اُن کے اپنے وزیراعظم نے چوری کر کے اسے برطانوی جرنیل سر آرچی بالڈ ہنٹر کو فروخت کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ، بھارتی شہر کانپور میں 10ویں صدی کے ایک مندر کے ستون کے تین پتھر، ہندو دیوی دُرگا کی شبیہہ والا ایک پتھر، 11ویں صدی کے ایک مندر کے دروازے کا ایک حصہ شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ زیادہ تر نوادرات 19ویں صدی میں بھارتی شہروں اور مندروں سے نکال کر برطانیہ منتقل کی گئی تھیں۔ مجموعی طور پر بھارت سمیت مختلف ممالک کو 51؍ اشیاء واپس کی جا رہی ہیں۔ کیلوین گروو آرٹ گیلری کے حکام کی جانب سے یہ اشیاء بھارت کو لوٹائی جا رہی ہیں اور ان میں سے کچھ ایسی بھی ہیں جو ایک ہزار سال پرانی ہیں۔ برطانیہ میں متعین بھارتی ہائی کمشنر سُجیت گھوش کا کہنا ہے کہ وہ قیمتی نوادرات کی واپسی کے فیصلے سے خوش ہیں۔