اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جنہوں نے اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق یورپ کے چار ممالک کا دورے پر روانہ ہونا تھا انہوں نے جرمنی، ڈنمارک، سویڈن اور ناروے کے سرکاری دورے ملتوی کر دیئے ہیں۔ وزارت خارجہ نے ان کے دوروں کی منسوخی کی تصدیق کر دی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ وزیر خارجہ نے اپنے یہ غیر ملکی دورے پاکستان بھر میں جاری مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی آفات کے ساتھ ساتھ جان ومال کے بھاری نقصانات کے پیش نظر ملتوی کئےہیں۔ وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ یورپ کے ساتھ پاکستان کی مسلسل مصروفیات کے ایک حصے کے طور پر اپنے ہم منصبوں، دیگر معززین اور میڈیا کے ساتھ بات چیت کے منتظر ہیں۔ ان دارالحکومتوں کے وزیر خارجہ کے دوروں کو میزبان حکومتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر دوبارہ ترتیب دیا جائے گا۔