پاکستانی نوجوانوں کی پسندیدہ گلوکارہ قرۃ العین بلوچ کی جانب سے ’بلبل پاکستان‘ گلوکارہ نیرہ نور کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
گلوکارہ قرۃ العین بلوچ نے سوشل میڈیا پر لیجنڈری، سینئر گلوکارہ کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
قرۃ العین بلوچ کا نیرہ نور کے ساتھ بِتائے گئے وقت کو یاد کرتے ہوئے کہنا ہے کہ مجھے اپنی زندگی میں جو حقیقی اعزاز حاصل ہوا وہ یہ تھا کہ مجھے نیرہ نور جی کے ساتھ بیٹھنے اور گہری، بامعنی گفتگو کرنے کا موقع ملا۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا ہے کہ نیرہ نور ایک ایسی آواز کی مالک تھیں جس نے شاعری کو زندگی بخشی، وہ آواز جو ہمیشہ زندہ رہے گی۔
یاد رہے کہ ’بلبل پاکستان‘ لیجنڈری گلوکارہ نیرہ نور گزشتہ روز 71 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئیں۔
نیرہ نور نے فیض احمد فیض کے کلام کو عوام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
نیرہ نور کو متعدد اعزازات سے نوازا گیا۔
اُنہیں 1973ء میں نگار ایوارڈ جبکہ 2006ء میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا تھا۔