لاڑکانہ(صباح نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ہم آپ کا ہر طرح سے خیال رکھیں گے انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرین کو ضروری اشیا ءکی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے یہ یقین دہانی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے اور ٹیکنیکل کالج لاڑکانہ میں متاثرین سیلاب سے ملاقات کے دوران کرائی۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ، چیف سیکریٹری سندھ اور جمیل سومرو سمیت دیگر پارٹی رہنما، اراکین اسمبلی اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے فلڈ کیمپس میں متاثرین سے بات چیت کے دوران چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت کی کہ لوگوں کو ان کی مرضی کے مطابق کھانا فراہم کیا جائے۔