• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ڈی اے کا کوٹ کولیاں اراضی انتقال کیلئے اے ڈی سی آرسے رجوع

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے)سی ڈی اے نے سیکٹر ایچ16اور آئی17 کی ایکوزیشن کی تکمیل کیلئے کوٹ کولیاں میں467 کنال اراضی کے انتقال کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوراولپنڈی سے رجوع کرلیا اورکہاہے کہ اے ڈی ایل آر روات اور تحصیلدار کو احکامات جاری کئے جائیں تاکہ آڈٹ اعتراضات دور کئے جا سکیں۔ ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے نے مراسلہ میں کہا ہے کہ 2009میں بجنیال،کوٹ کولیاں،نون،شیخ پور، لکھو، نرالہ،بدانہ کلاں اورجھنگی سیداں میں سیکٹر ایچ16 اور آئی17کیلئے ایکوزیشن کی گئی تھی لیکن انتقالات نہ ہونے پر آڈٹ حکام نے اعتراضات لگا دئیے اور2020میں انکوائری کیلئے معاملہ نیب کو بھجوادیا گیا۔پبلک اکاونٹس کمیٹی کی ہدایات پر نیب نے تحقیقات کیں۔طویل تحقیقات کے بعد نیب حکام کی ہدایات پر 15ہزار 495کنال اراضی کا سی ڈی اے کےنام انتقال ہوگیا۔ جبکہ 467کنال اراضی کوٹ کولیاں کے انتقال پر عملدرآمد نہ ہوا جس پر اے ڈی ایل آر روات نے بتایا کہ کورٹ میں کیس ہے۔ 14جون 2021کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلہ پر عملدرآمد کیلئے سمری سیکرٹری داخلہ کو بھجوائی گئی جس پر ایک سب کمیٹی قائم کی گئی تھی۔جس کی سفارشات کی کابینہ نے منظوری دی۔اسی پر اے ڈی ایل آر اور تحصیلدار نے بھی بتایا تھا کہ نیب حکام کے ساتھ میٹنگ میں طے ہوا تھا کہ معاملہ راولپنڈی کے محکمہ مال کے اعلی حکام کے ساتھ اٹھایا جائےجو انتقال نمبر2628پر عملدرآمد کرانے کیلئے متعلقہ کمپیوٹر انچارج کو ہدایات جاری کریں۔اس معاملے پر آڈٹ آفس میں میٹنگ شیڈول ہے۔آڈٹ حکام سی ڈی اے کو ہدایت کرچکے ہیں کہ سی ڈی اے آرڈیننس 1960کی دفعہ32کے تحت معاملے کو حل کیا جائے۔ اس پس منظر میں درخواست ہے کہ متعلقہ کمپیوٹر انچارج اراضی سنٹر روات کو ہدایت کی جائے کہ 467کنال اراضی کوٹ کولیاں کاانتقال جاری کیا جائے۔
اسلام آباد سے مزید