اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آل گورنمنٹ ایمپلائیز گرینڈ الائنس پاکستان نے 10فروری سے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کی دھمکی دے دی ۔ بدھ کو الائنس کی کال پر پنشن قوانین میں تبدیلی اور دیگر مطالبات کے حق میں وفاقی دارالحکومت اور صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ مظاہرین نے وزارت خزانہ سے شاہراہ دستور پر ریلی کی صورت میں مارچ کرتے ہوئے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پہنچ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ چیف کوارڈنیٹر اگیگا رحمان علی باجوہ اور اگیگا پنجاب کے صدر راجہ طاہر محمود نے واضح کیا کہ حکومت نے سنجیدگی دکھاتے ہوئے با اختیار کمیٹی تشکیل دے کر 10 فروری سے پہلے ملازمین کے جائز آئینی مطالبات کو پورا نہیں کیا اور ان کے تحفظات کو دور نہ کیا تو پاکستان بھر سے لاکھوں ملازمین 10 فروری کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے سامنے دھرنا دیں گے ۔ دریں اثناء نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی ،اظہر اعوان، راجہ طاہر،عامر خان،عاشق خان،ڈاکٹر اشتیاق عرفان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔