راولپنڈی(نمائندہ جنگ)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نےسوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیرکے خلاف عوامی شعور اجاگر کرنے کیلئے پرنٹ و الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے ڈائریکٹر پی ٹی اے محمد فاروق کو ہدایت کی ہے کہ آٹھ دن میں اس رپورٹ پیش کریں۔
عدالت عالیہ نے سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے اور گستاخانہ مواد کو ہٹانے کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
دس فروری 2019کوگستاخانہ مواد کے خلاف درخواست وصول کرکے کوئی کارروائی نہ کرنے اور درخواست سائبر کرائم ونگ کے ریکارڈ میں موجود نہ ہونے پر عدالت عالیہ نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمران حیدر کو ذاتی طور پر طلب کرلیا ہے۔
عدالت عالیہ نے تفتیشی عمر کلیم ا سسٹنٹ ڈائریکٹر کی ناقص تفتیش پر سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت پر احکامات اورمعاملے کی سنگینی کے باوجود تفتیشی افسرنے کوئی قابل زکر اقدامات نہیں کئے۔
ایف آئی حکام نے عدالت عالیہ کو آ گاہ کیا کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کے خلاف درخواستوں پر کاروائی کرتے ہوئےہم نے تین ملزمان کو گزشتہ روز گرفتار کیا،مزید ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر لیں گے،ایک مقدمے میں نامزد چار ملزمان بیرون ملک فرار ہیں۔