سکھر (بیورو رپورٹ) سینئر سیاستدان و سابق سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ عالمی سیاست میں تاریخی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں، چین اور امریکا کے درمیان کشمکش جاری ہے، چائنہ مغربی سرمایہ داری نظام کو چیلنج کررہا ہے۔ یورپ، امریکا کا زوال اور تقسیم ہورہی ہے۔ کل جرمن چانسلر نے اعلان کیا کہ ہم امریکا سے مکمل آزادی چاہتے ہیں۔ چائناکی قیادت میں ایک متبادل عالمی نظام کی بنیاد رکھی جارہی ہے۔ علامہ اقبال نے 90سال پہلے جو کہا تھا کہ وہ بات اب درست ثابت ہورہی ہے، امریکا اور یورپ زوال پذیر اور تقسیم ہورہے ہیں، چائناآگے بڑھ رہا ہے۔ مغرب کو نائن الیون وار میں ناکامی ہوئی، ٹریلین ڈالر خرچ ہوئے مگر حاصل کچھ نہیں ہوا، چائنامسلسل آگے بڑھ رہا ہے، دنیا کے زیادہ تر ممالک چائناسے تجارت کو ترجیح دے رہے ہیں۔ امریکا کو یوکرین جنگ، مشرقی وسطیٰ میں بھی ناکامی ہوئی اور جنوبی ایشیا میں انڈیا کمزور ہوا۔ اتنی بڑی تبدیلیوں میں ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا، سیاسی قیدیوں، مسنگ پرسنز کو رہا کرنا ہوگا، قومی سلامتی، ہیومن سیکورٹی، ایجوکیشن، کلائمٹ چینج پرتوجہ دینی ہوگی۔