اسلام آباد (مہتاب حیدر) ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 28 ارب ڈالرز کے قرضے، گرانٹس جاری کر چکا،پاکستان پر فیکٹ شیٹ میں اے ڈی بی نے انکشاف کیا کہ تعلیم کا حصہ 1.2فیصد، صحت کا 3.35 فیصد اور انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی 0.00 فیصد ہے۔ تفصیلات کے مطابق مجموعی طور پر 723 پبلک سیکٹر قرضوں، گرانٹس اور 37 ارب ڈالرز کی تکنیکی امداد میں سے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) اپنے قیام کے بعد سے پاکستان کے لیے 28 ارب ڈالرز کے مجموعی قرضے اور گرانٹس جاری کر چکا ہے۔ اے ڈی بی نے تعلیم کے لیے بہت کم وسائل کا وعدہ کیا کیونکہ اس کا حصہ 1.2 فیصد، صحت کا 3.35 فیصد اور انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی 0.00 فیصد ہے۔ وسائل کا بڑا حصہ توانائی کے شعبے کے لیے صرف کیا گیا جیسا کہ 21.11فیصد وسائل فراہم کیے گئے لیکن یہ پاکستان کے انتہائی ناکارہ شعبوں میں سے ایک رہا۔ اے ڈی بی نے تجارت اور سپلائی چین اور پبلک سیکٹر مینجمنٹ کے لیے مزید وسائل دینے کا وعدہ کیا۔ رپورٹ میں اس پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ اے ڈی بی نے گزشتہ 10سال کے دوران پاکستان میں خودمختار منصوبوں اور پروگراموں کے 32منصوبوں کا جائزہ لیا اور پایا کہ 17پروگرام انتہائی کامیاب، 10کم کامیاب اور پانچ ناکام رہے۔