اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیراعظم شہباز شریف نے زیر تعمیر دانش اسکولوں اور دانش یونیورسٹی پر کام تیز تر کرنے ،ان کی اعلیٰ معیار کی تعمیر ،تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن اور دانش اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ دانش اسکول میں اساتذہ کی تعیناتی کا عمل میرٹ پر مبنی اور انتہائی شفاف ہونا چاہئے جس علاقے میں دانش تعمیر ہو رہا ہے وہاں کے مقامی اساتذہ کو ترجیح دی جائے۔ منگل کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت دانش اسکولز و یونیورسٹی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، ملک بھر میں 15 نئے دانش اسکولز کی تعمیر کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو ملک کے مختلف علاقوں میں زیرتعمیر دانش اسکولز اور دانش یونیورسٹی ، اسلام آباد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ دانش اسکول، اسلام آباد کا 41 فیصد کام مکمل کر لیا گیا۔