راولپنڈی (نمائندہ جنگ )چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ سیز فائر ہوگیا ہے تو آپس میں بھی سیز فائر ہونا چاہیے تاکہ قوم میں یک جہتی ہو، عمران خان اور بشری بی بی کی رہائی ممکن ہو ، لیڈروں پر مقدمات اور پکڑ دھکڑ ہمیشہ کے لیے ختم ہونا چاہیے، پاکستان سے دنیا کے تعلقات اب تبدیل ہوں گے، دنیا کا نظریہ اب تبدیل ہو گا ،منگل کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خوشی کی بات ہے بہنوں کو ملاقات کی اجازت ملی، امید ہے بہنوں کی ملاقات ہونا ضروری تھی، 6وکلاء کے نام دیئے تھے، ظہیر عباس چودھری اور سلمان صفدر اندر جا چکے ہیں ، جنید اکبر کا استعفیٰ موصول نہیں ہوا ہے، خبر ملی کہ انہوں نے دے دیا ہے ،بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بھارت نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے 26 مقامات پر ٹارگٹ کیا، بھارتی ایئر فورس نے بھی اعتراف کیا کہ ان کے رافیل جہاز کا کتنا نقصان ہوا،چئیرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہاکہ پہلی بار دنیا نے دیکھا کہ کسی مسلمان ملک نے اپنا لوہا منوایا۔