• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گندم کی قیمت ملکی تاریخ میں آل ٹائم ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی

اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) پاکستان میں گندم کی قیمت نے 75سالہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔

14ستمبر 2022ء کو اوپن مارکیٹ میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک بھر میں گندم کی ریکارڈ گرانی ہو گئی ہے۔

ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ جڑواں شہروں میں گندم کی قیمت 3560روپے سے 3600روپے فی چالیس کلو گرام تک پہنچ گئی ہے۔ اگر حکومت نے سرکاری کوٹے میں فوری اضافہ نہ کیا تو اوپن مارکیٹ میں گندم مافیا اپنے غیر قانونی سٹاکس کی قیمت تیزی سے بڑھائے گا۔

 مارکیٹ میں 3600روپے فی چالیس کلو گرام تک گندم کی قیمت ہونے کے نتیجے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کی 200سے زائد فلور ملوں نے پندرہ کلوپرائیویٹ آٹے تھیلے کی قیمت جو پہلے 1300 روپے ہوا کرتی تھی اسے پندرہ سو سے سولہ سو روپے تک کر دیا ہے۔

حکومت پنجاب نے اگر فلور ملوں کو سرکاری کوٹہ سولہ سترہ ہزار ٹن سے بڑھا کر چوبیس پچیس ہزار ٹن تک نہ کیا تو پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن شمالی پنجاب کے وائس چیئرمین عاطف ندیم مرزا کے مطابق پورے ملک میں روٹی‘ نان‘ ڈبل روٹی‘ بیکری کی اشیاء کی قیمتیں اسی تناسب سے چند روز میں بڑھ جائیں گی۔

اہم خبریں سے مزید