لندن (پی پی آ ئی) پاکستان مسلم لیگ ن انٹرنیشنل افیئرزکے صدر سینٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان دکھ سکھ کے ساتھی ہیں دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے یہی وجہ ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سیلاب زدگان کی بھرپور مدد کی جا رہی ہے جس پر ہم سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ممنون ہیں۔میڈیا ذرا ئع کے مطابق اسحاق ڈار نے سعودی عرب میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نئی ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان سے ویڈیو لنک پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ نوازشریف کا کارکنان کو بڑا واضح پیغام ہے کہ یہ وقت سیاست کا نہیں ہے بلکہ یہ وقت خدمت کرنے کا ہے اور سیلاب زدگان کی مدد کو یقینی بنا کر انہیں زندگی کی طرف واپس لانے کا ہے اس لئے تمام لیگی ارکان دل کھول کر عطیات دیں اور اپنے ہم وطنوں کی مصیبت کی گھڑی میں سہارا بنیں۔