کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ بلوچستان کے پولیٹیکل سیکرٹری و بلوچستان عوامی پارٹی کےمرکزی آرگنائزنگ سیکرٹری ملک خدا بخش لانگو نے کہا ہے کہ چین نے ہر مشکل میں ہمیشہ پاکستان کا دل کھول کر ساتھ دیا ہے ، پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند ہے ۔یہ بات انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف ، پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ ، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو بلوچستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہے ہیں اور متاثرین کے مشکلات دور کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں جس طرح انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرایا اور نقصانات و لوگوں کی مشکلات سے آگاہ کیا وہ قابل ستائش ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل اور معدنیات سے مالا مال صوبہ ہے یہاں دنیا بھر کے لئے نادر موقع ہے کہ وہ یہاں پر سرمایہ کاری کریں چین پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے اور پاکستان میں متعین چینی سفیر لونگ رونگ نے ڈیرہ بگٹی کا دورہ کرکے علاقے میں سیمنٹ فیکٹری لگانے اور سیلاب زدگان کو مکان تعمیر کرکے دینے کا اعلان کیا ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں ، حالیہ بارشوں اور سیلاب کے متاثرین کی امداد و بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں سیمنٹ فیکٹری لگانے اور سیلاب زدگان کے لئے مکانات کی تعمیر کا اعلان مثالی دوستی کا واضح ثبوت ہے ۔