• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش کا طویل ترین روڈ ریل برج‘ شیخ حسینہ نے افتتاح کیا

اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) بنگلہ دیش نے تین ارب ساٹھ کروڑ امریکی ڈالر خود خرچ کر کے 6اعشاریہ 15کلومیٹر طویل روڈ‘ ریل‘ فور لین برج دریائے پدما پر بنا لیا ہے۔ گزشتہ روز اتوار 18ستمبر کو بنگلہ دیش کی وزیراعظم نے ملک کے طویل ترین پہلے روڈ‘ ریل برج کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ بنگلہ دیش کا فخر ہے‘ اس سے بنگلہ دیش کو وقار حاصل ہو گا اور 2026ء میں بنگلہ دیش اقوام متحدہ کی انتہائی کم ترقی کرنے والے ممالک کی فہرست سے نکل آئیگا۔ شیخ حسینہ نے بنگلہ دیش کے عوام اور انجینئرز کا شکریہ ادا کیا۔ الجزیرہ ٹیلی وژن کے مطابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے کہا کہ یہ بنگلہ دیش کا سب سے بڑا پراجیکٹ عالمی بینک اور غیرملکی امداد سے بننا تھا‘ مگر بنگلہ دیش پر بدعنوانی‘ کرپشن کا الزام لگا دیا گیا۔ اس پر اُنہوں نے بنگلہ دیشی قوم کو دنیا کی طرف سے دیئے گئے چیلنج کو قبول کرنے کا عزم کیا۔ بی بی سی کے مطابق 6کلومیٹر سے طویل چار لین والا اوپر نیچے ریل اور روڈ کا پل بنگلہ دیش کے جنوب مغرب کے 3کروڑ لوگوں کیلئے سہولیات فراہم کریگا۔ اسے چینی کمپنی نے بنگلہ دیشی انجینئروں کے ساتھ مل کر بنایا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش ایک خودمختار ملک ہے‘ باوقار قوم ہے۔ اس سے بنگلہ دیش کی جی ڈی پی 2اعشاریہ تین فیصد مزید بڑھے گی۔ پدما پل بنگلہ دیش کے عوام کی ملکیت ہے جو منہ زور دریائے پدما پر واقع ہے۔ وزیراعظم شیخ حسینہ نے کہا کہ آج میں بیحد خوش ہوں اور اپنی قوم پر فخر کرتی ہوں‘ پدما برج دنیا کے انجینئرنگ عجوبہ جات میں سے ایک ہو گا۔ اسے اسٹیٹ آف دی آرٹ مشینری اور ٹیکنالوجی سے بنایا گیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید