• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہارنے پر ویمن کرکٹرز بھی افسردہ اور مایوس ہوتی ہیں

ہار کے بعد ویمن کھلاڑی بھی مایوس ہوتی ہیں، ٹیم مینجر
ہار کے بعد ویمن کھلاڑی بھی مایوس ہوتی ہیں، ٹیم مینجر

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی مینجر عائشہ اشعر کا کہنا ہے کہ ویمن کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کریں، مانا کامن ویلتھ گیمز میں ویمن ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ نہیں کیا، لیکن ایک ٹورنامنٹ برا جانے کے بعد کھلاڑیوں کی حوصلہ شکنی نہیں کرنی چاہیے۔

کنٹری کلب مرید کے میں ویمن کرکٹ ٹیم کے کیمپ کے موقع پر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مینجر پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم عائشہ اشعر نے کہا کہ ہار کے بعد ویمن کھلاڑی بھی مایوس ہوتی ہیں، انہیں بھی افسوس ہوتا ہے لیکن انہیں اس ہار سے اٹھنا بھی ہوتا ہے اور اگلے روز پھر کھیلنا بھی ہوتا ہے، وہ مایوسی کے باوجود کھیلتی اور سیکھتی ہیں کہ کہاں غلطی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویمن کرکٹرز کو متحرک رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے، انہیں سپورٹ اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، ان کا اتنا ایکسپوژر نہیں ہوتا کہ یہ بس ہمیشہ ہی اچھا کھیلتی رہیں گی، اچھا برا ٹورنامنٹ جاتا ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہمیں ویمن کرکٹرز کو سپورٹ ہی نہیں کرنا۔

قومی ویمن ٹیم کی مینجر کا کہنا ہے کہ ٹیم میں زیادہ تر ینگ کھلاڑی شامل ہیں، کامن ویلتھ گیمز کے برعکس ایشیا کپ میں ویمن کرکٹرز اچھا کر سکتی ہیں اور اسی کے لیے محنت کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے بعد آئر لینڈ کی ویمن ٹیم پاکستان آ رہی ہے، پھر پاکستان ویمن ٹیم نے آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے اور پھر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہے، سارا فوکس اس وقت ورلڈ کپ کی تیاری پر ہے، بڑی امید ہے کہ پہلے سے بہتر نتائج آئیں گے۔

عائشہ اشعر نے کہا کہ ویمن کرکٹرز سیکھنا چاہتی ہیں، انہیں متحرک رہنے کے لیے حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید