• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اللّٰہ تعالیٰ کی خوشنودی کیلئے متاثرین کی مدد کی جائے، مقررین، کوونٹری میں فنڈ ریزنگ

کونٹری( نمائندہ جنگ ) مسلم ریسورس سنٹر اور سماجی تنظیم جگسہ JIGSAWکے زیراہتمام پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کے لیے فنڈ ریزنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا، مقامی نوجوانوں، این جی اوز اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کر کے فنڈز ریزنگ میں بھرپور دلچسپی لی، مسلم ریسورس سنٹر کے سیکرٹری حافظ محمد موسیٰ بسم اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت اور انسانیت کو مسائل سے چھٹکارہ دلوا کر صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہی دین اسلام ہے، ہمیں اپنے رب کی خوشنودی کے لیے ایسے اقدامات کرنا ہو نگے جن سے انسانیت کی بھلائی ہو۔ آج پاکستان مسائل میں گھر چکا ہے۔ پاکستان کے عوام سیلاب کی تباہی سے بے گھر ہو چکے ہیں۔ معصوم بچے بچیاں بھوک سے تڑپ رہے ہیں، ہم سب متحد منظم ہو کر متاثرین کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب ہے ،ہزاروں افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، لوگوں کے گھر اورکھڑی فصلیں بہہ گئی ہیں، 3500کلومیٹر طویل سڑکیں اور بنیادی ڈھانچا تباہ ہو گیا ہے، حکومت ریلیف اور ریسکیو کے لیے محدود وسائل کے باوجود بھرپور اقدامات کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ متاثرین کی مدد کے لیے جمع شدہ رقم سے معصوم عوام کی مدد کرنے کی کوشش کی جائے گی، جگسہ تنظیم کے رہنما محمد قاسم نے بڑے پر اثر انداز میں تقریب میں شریک افراد کو قائل کرنے کی کوشش کی تاکہ متاثرین کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈز اکھٹے ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ 30سال کی ریکارڈ بارش ہوئی، 13 جون کے بعد سے اب تک سیلابی ریلوں میں لاتعداد لوگ لقمہ اجل بن چکے ہیں ،گھروں، املاک اور انفرااسٹرکچر کو ہونے والے نقصان کا ابتدائی تخمینہ اربوں روپے لگایا گیا ہے، آگے بڑھیں اور مدد کریں، اس موقع پر ہاتھ سے بنی پینٹنگز بھی فروخت کی گئیں اور وقار یونس کی دستخط شدہ کرکٹ بال 15سو پونڈ میں ایک نوجوان عدنان ریاض نے خرید لی، اس موقع پر معروف نوجوان محمد یحیٰی نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا تاکہ اپنے پیارے ملک کو مسائل کی دلدل سے باہر نکالیں، متاثرین سیلاب کو پرسکون اور اچھی زندگی دینے کے اقدامات کریں۔ سابق امیدوار برائے کونسلر راجہ ضیاء خان نے کہا کہ ہم سب کو متحد ہونا ہو گا ،سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے متاثرین کو مشکل سے نجات دلوانا ہو گی تاکہ اللہ اور اس کے رسول کی خوشنودی حاصل ہو ،انہوں نے کہا کہ آج نوجوانوں کی اکثریت نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ پاکستان اور انسانیت سے محبت کرتے ہیں۔ تقریب میں فرحان کیانی، محمد غلام منھاس، علی خان راجہ اور دیگر نوجوان خاصے متحرک نظر آئے اور کہا کہ پاکستان مدد کے لیے پکار رہا ہے، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی مدد کی جائے۔

یورپ سے سے مزید