• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعزاز کیلئے رقم کا اسکینڈل، پولیس کی 2افراد سے پوچھ گچھ

لندن (پی اے) پولیس نے پرنس فائونڈیشن پر اعزاز دینے کیلئے رقم لینے کے اسکینڈل کی تفتیش شروع کر دی ہے اور اس حوالے سے ایک 50 سال اور ایک 40 سال کے شخص سے بات کی ہے۔ پولیس نے یہ تفتیش فروری میں اخبارات میں مضامین کی اشاعت کے بعد شروع کی تھی جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پرنس فائونڈیشن کے ایک عطیہ دینے والے کو نائٹ ہڈ کا خطاب دلوانےمیں مدد کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ اسٹوریز کے بعد بادشاہت کے مخالف گروپ ری پبلک نے شاہ چارلس اور ان کے سابق معتمد مائیکل فائویسٹ کے خلاف گزشتہ فروری میں پولیس سے شکایت کی تھی۔ اس مبینہ اسکینڈل کے سامنے آنے کے بعد فائوسیٹ نے پرنس فائونڈیشن کے چیف ایگزیکٹیو کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان پر ایک ارب پتی سعودی باشندے کو برطانیہ کی شہریت اور اعزاز دلوانے میں مدد دینے کا وعدہ کرنے کا الزام تھا۔ پولیس نے 2 افراد سے پوچھ گچھ ملکہ کی موت اور چارلس کے بادشاہ بننے سے 2 روز قبل کی تھی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ شاہ نے نہ تو پولیس سے بات چیت کی اور نہ پولیس نے ان سے ایسا کرنے کو کہا تھا۔ بکنگھم پیلس نے اس حوالے سے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا، جب یہ تفتیش شروع کی گئی تھی تو چارلس کے ایک ترجمان نےکہا تھا کہ انہیں اس طرح کی کسی پیشکش کا علم نہیں تھا۔ فائونڈیشن کے ایک ترجمان نےکہا ہے کہ جاری تفتیش کے بارے میں کچھ کہنا مناسب نہیں ہے لیکن پرنس فائونڈیشن تفتیش میں بھرپور تعاون کو تیار ہے۔
یورپ سے سے مزید