• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ہائر ایجوکیشن کے تحت کیرئیر کنیکٹ میں ہزاروں طلباء شریک

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبے کی جامعات سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت اور پیغام پاکستان اور اقراء یونیورسٹی کے تعاون سے ’’کیریئر کنیکٹ 2022‘‘ ایکسپو سینٹر میں ہوا۔ جس میں 200؍ سے زائد ملکی و غیر ملکی کمپنیوں نے اسٹالز لگائے جہاں طلبہ کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس پروگرام کے ذریعے ملازمت کے متلاشی افراد کیلئے تقریباً 3500؍ ملازمتیں پیش کی گئیں۔ جبکہ ہزاروں طلبہ نے پروگرام میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سندھ کے وزیر برائے تعلیم سردار شاہ تھے۔ جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اتنا بڑا پروگرام دیکھ کر خوشی ہوئی ہے اور مجھے یہ کہتے ہوئے اطمینان محسوس ہو رہا ہے کہ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے ، یہ وقت کی ضرورت ہے کہ نوجوان نسل کو کیریئر میں آگے بڑھنے کیلئے ایسے مواقع دئیے جانا چاہئیں جس میں قومی اور کثیر القومی کمپنیاں نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو دیکھ کر انہیں ملازمت کی پیشکش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی تعلیم بالخصوص جامعات میں تعلیم کی بہتری کیلئے کوشش کرنا چاہئے، جامعات کو چاہئے کہ وہ ایسے نوجوان پیدا کریں جنہیں شاندار ملازمتیں پیش کی جائیں نہ کہ جامعات خود ہی ملازمتیں دینے لگ جائیں، اس وقت جامعات میں بھرتیوں کا عالم یہ ہے کہ یونیورسٹیز کو دئیے جانے والے فنڈز کی ایک کثیر تعداد صرف تنخواہوں پر ہی صرف ہو رہی ہے۔ قبل ازیں سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع نے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد ملازمت کے متلاشی اور ملازمتیں دینے والے اداروں کے درمیان پُل بنانا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات کو روزگار ملے اور ملک ترقی کرے۔ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سیکرٹری معین الدین صدیقی نے اپنے خطاب میں سندھ ایچ ای سی کی جانب سے شرکاء کو صوبے میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور جدت لانے کیلئے ادارے کے اقدامات سے آگاہ کیا جن میں سندھ ریسرچ سپورٹ پروگرام، لیبارٹری اسٹرینتھننگ پروگرام، فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام اور جامعات کے ملازمین کی استعداد میں اضافے کا پروگرام (کیپسٹی انہانسمنٹ پروگرام) شامل ہیں۔

ملک بھر سے سے مزید