• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی پنجاب میں 240 ارب سے 2 ہزار سے زائد منصوبوں پر کام جاری

ملتان (سٹاف رپورٹر )ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن( ر) ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں 240 ارب روپے کی لاگت سے2 ہزار سے زائد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ان منصوبوں میں 1548 جاری اور 443 نئے منصوبے شامل ہیں۔وہ سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے منصوبوں بارے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز نے شرکت کی، ثاقب ظفر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیکرٹریز منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے بھرپور مانیٹرنگ کریں اور جاری کردہ فنڈز کےسو فیصد استعمال کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ منصوبوں پر اعلیٰ تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور ترقیاتی منصوبوں بارے حکومت کی گائیڈ لائنز پر عمل کیا جائے۔اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملتان ڈویژن میں541، بہاولپور 439 اور ڈی جی خان ڈویژن میں 502 منصوبوں پر کام جاری ہے۔اجلاس میں جنوبی پنجاب کے سیکرٹری ایجوکیشن ڈاکٹر احتشام انور، سیکرٹری سروسز نوشین ملک،سیکرٹری لائیو سٹاک ناصر جمال ہوتیانہ، سیکرٹری بورڈ آف ریونیو تنویر اقبال تبسم، سیکرٹری جنگلات سرفراز مگسی،سیکرٹری زراعت ثاقب علی عطیل اور سیکرٹری صحت محمداقبال نے شرکت کی جبکہ سیکرٹری پی اینڈ ڈی آفتاب پیرزادہ نے ترقیاتی منصوبوں بارے بریفنگ دی۔
ملتان سے مزید