• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈینگی کے وار نہ رک سکے، مزید 162 مریض رپورٹ، اسپتالوں میں رش

اسلام آباد ،راولپنڈی ( خصوصی نامہ نگار،اپنے رپورٹر سے، اپنے نامہ نگار سے) جڑواں شہروں میں منگل کو ڈینگی کے مزید 162 مریضوں کے اضافہ سے تعداد 4027ہو گئی ۔وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 90مریضوں کے اضافے سے ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 2162 تک پہنچ گئی ۔ وفاقی دارالحکومت میں ابتک 6 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔ منگل کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں بتایا گیا کہ مختلف علاقوں میں انسداد ڈینگی سپرے کیا گیا ۔ ڈینگی لاروا پائے جانے پر ایک سروس اسٹیشن کو سیل اور 8 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ۔ راولپنڈی ضلع میں ڈینگی کے مزید72کنفرم مریض رپورٹ ہوئےجس کے بعد کل تعداد1865ہوگئی ۔نئے مریضوں میں پوٹھوہار ٹائون سے 39،راولپنڈی کینٹ سے نو،میونسپل کارپوریشن راولپنڈی گیارہ،چکلالہ کینٹ چھ،گوجر خان ایک ،ٹیکسلا پانچ، کہوٹہ ایک مریض ہیں ۔اب تک پوٹھوہار ٹائون پری اربن سے 1085،راولپنڈی کینٹ236،میونسپل کارپوریشن راولپنڈی153،چکلالہ کینٹ 97،ٹیکسلا کینٹ 72،پوٹھوہار رورل 82،کہوٹہ42،ٹیکسلا رورل 13،گوجرخان 14، مری سات،کلرسیداں چار اور ٹیکسلا سے چھ مریض ہے۔ راولپنڈی کے تینوں الائیڈ ہسپتالوں میں 238مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 164میں ڈینگی کی تصدیق ہو چکی ہے۔گزشتہ روز مزید 62مریض ان ہسپتالوں میں داخل کئے گئے ، ہولی فیملی ہسپتال میں 63، بی بی ایچ میں 105جبکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں 70ڈینگی کے مریض زیر علاج ہیں ، ایک مریض کی حالت نازک بتائی جاتی ہےجو بی بی ایچ ہسپتال میں زیر علاج ہے ۔
اسلام آباد سے مزید