• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کا امریکی سازش کا بیانیہ بے نقاب، سائفر پر بس کھیلنا ہے، سابق وزیراعظم، شاہ محمود اور سیکرٹری خارجہ کیساتھ میٹنگ کرلیتے ہیں، میں منٹس میں تبدیل کردوں گا، میرے ہاتھ میں ہے، اعظم خان، گفتگو کی آڈیو لیک

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ)سابق وزیراعظم عمران خان کا امریکی سازش کا بیانیہ بے نقاب ‘ وزیراعظم ہاؤس سے پرائم منسٹرشہباز شریف کی مبینہ آڈیو لیک ہونے کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی مبینہ آڈیو بھی لیک ہوگئی ہے ۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کی پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کے ساتھ مبینہ امریکی سائفر کے حوالے سے گفتگو میں انہیں اس حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہےجس میں عمران خان حکمت عملی بتا ر ہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس آڈیو کی ابتدا میں مبینہ طور پر عمران خان نے کہا کہ اب ہم نے بس صرف کھیلنا ہے اس کے اوپر، نام نہیں لینا امریکا کا، صرف کھیلنا ہے کہ یہ تاریخ پہلے سے تھی اس کے اوپر۔ نئی جو چیز آئی ہے نا ۔


مبینہ طور پراعظم خان نے کہا کہ میں سوچ رہا تھا کہ یہ جو سائفر ہے میرا خیال ہے ایک میٹنگ اس پر کرلیتے ہیں، دیکھیں آپ کو یاد ہو تو سفیر نے آخر میں لکھا تھا ڈیمارچ کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ڈیمارچ نہیں بھی دینا تو میں نے رات کو اس پر بہت سوچا کہ اس کو کس طرح کور کرنا ہے، ایک میٹنگ کرتے ہیں جس میں شاہ محمود قریشی اور سیکریٹری خارجہ ہوں گے۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے آڈیو میں مزید کہا گیا کہ شاہ محمود کو کہیں گے کہ وہ لیٹر پڑھ کر سنائیں، وہ جو بھی پڑھ کر سنائیں گے اسے کاپی میں بدل دیں گے‘وہ میں منٹس میں (تبدیل) کردوں گا کہ سیکریٹری خارجہ نے یہ چیز بنادی ہے۔

آڈیو میں مبینہ طور پر اعظم خان نے مزید کہا کہ بس اس کا کام یہ ہوگا کہ اس کا تجزیہ ہوگا جو اپنی مرضی کے منٹس میں کردیں گے تا کہ دفتری ریکارڈ میں آجائے اور تجزیہ یہ ہی ہوگا کہ سفارتی روایات کے خلاف دھمکی دی گئی، سفارتی زبان میں اسے دھمکی کہتے ہیں۔مبینہ طور پر اعظم خان بات کو جاری رکھتے ہوئے مزید کہتے ہیں کہ (میٹنگ کے) منٹس تو پھر میرے ہاتھ میں ہیں نا وہ پھر (اپنی مرضی سے) ڈرافٹ کرلیں گے۔

اس پر عمران خان کو یہ پوچھتے سنا جاسکتا ہے کہ تو پھر کس کس کو بلائیں اس میں، شاہ محمود قریشی، آپ (اعظم خان) اور سہیل (سیکریٹری خارجہ)، ٹھیک ہے تو پھر کل ہی کرتے ہیں۔آگے اعظم خان کو مزید کہتے سنا گیا کہ تاکہ چیزیں ریکارڈ پر آجائیں، آپ یہ دیکھیں یہ قونصلیٹ فار اسٹیٹ ہیں، وہ پڑھ کر سنائے گا تو میں کاپی کرلوں گا آرام سے تو آن ریکارڈ آجائے گا کہ یہ چیز ہوئی ہے ۔

 آڈیو میں مبینہ طور پر اعظم خان نے عمران خان سے مزید کہا کہ آپ سیکریٹری خارجہ کو بلائیں تا کہ یہ سیاسی رنگ نہ رہےبلکہ بیوروکریٹک ریکارڈ پر چلا جائے۔جس کے بعد عمران خان کی آواز میں کہا گیا کہ ’نہیں تو اسی نے تو لکھا ہے سفیر نے‘۔جس پر اعظم خان کو یہ کہتے سنا گیا کہ ’ہمارے پاس تو کاپی نہیں ہے نا۔۔۔۔۔ یہ کس طرح انہوں نے نکال دیا ۔ اس پر مبینہ طور پر عمران خان نےکہاکہ ’یہ یہاں سے اٹھی ہے ‘اس نے اٹھائی ہے لیکن اینی ہاؤہے تو فارن ۔

اہم خبریں سے مزید