• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا پورا اختیار ہے، روس

ماسکو (نیوز ڈیسک) روس نے ایک بار پھر دنیا پر واضح کردیا ہے کہ ماسکو اور اس کے اتحادیوں کے خلاف جارحیت کے جواب میں وہ جوہری ہتھیار استعمال کر سکتا ہے۔ روسی سلامتی کونسل کے نائب سربراہ دیمتری میدویدیف نے کہا کہ ماسکو کو اپنے جوہری نظریے کی سختی سے تعمیل کرتے ہوئے ضرورت پڑنے پر جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا پورا اختیار ہے۔ انہوں نے کہا کہامریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ یورپی سیاست دان نفرت کی آگ کو بھڑکارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف روس سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ جوہری بٹن سے اپنا ہاتھ ہٹا لے ساتھ ہی جوہری جنگ شروع کرنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب فیڈریشن آف امریکن سائنٹسٹس کا کہنا ہے کہ روس کے جوہری ہتھیاروں کے نظام میں 4ہزار 477 جوہری وار ہیڈز شامل ہیں۔ روس کا سب سے طاقتور جوہری وار ہیڈ 500 سے 800 کلوٹن کے درمیان دھماکا خیز طاقت کا حامل ہے اور اسے شہروں کو تباہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ روس کی جانب سے کسی بھی ایٹمی حملے کی صورت میں دنیا کو جاپان جیسی تباہی دیکھنے کو ملے گی۔ ادھر امریکی ارکان کانگریس میں عارضی اخراجات کے بل پر بحث کے دوران ارکان نے یوکرین کو 12 ارب ڈالر فوجی اور اقتصادی امداد دینے پر اتفاق کرلیا۔ کانگریس کے حالیہ فیصلے میں ریپبلکن اور ڈیموکریٹک دونوں امریکی پارٹیوں کی جانب سے کیف حکومت کی بھرپور حمایت کی گئی ہے۔
یورپ سے سے مزید