• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا، سیلاب متاثرین کیلئے نیویارک پولیس کے تمام تھانے امدادی مراکز

نیویارک(عظیم ایم میاں)امریکا میں پولیس اور دیگر لاء انفورسمنٹ اداروں کے پاکستانی نژاد نوجوان افسروں نے پاکستان میں سیلاب اور بارشوں سے تباہی اور مسائل کے شکار افراد کیلئے امداد جمع کرنے کا ایک ایسا طریقہ اختیار کیا ہے جس کے تحت نیو یارک سٹی پولیس کے تمام 77پریسنٹ (تھانے) پاکستانی سیلاب زدگان کیلئے امداد جمع کرنے کے مراکز کا کام بھی کریں گے۔’’ہیلپنگ ہینڈ‘‘ پاکستانی امریکن لاء انفورسمنٹ سوسائٹی کی طرف سے جمع امداد کے اخراجات کا خرچ اٹھائے گی ۔ پاکستانی امریکن لاء انفورسمنٹ سوسائٹی (P.A.L.S)کے صدر روحیل خالد نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ نیو یارک پولیس ڈپارٹمنٹ کی منظوری سے یہ طریقہ اختیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے امدادی سامان کا عطیہ دینے والوں سے اپیل کی کہ نیو یارک سٹی پولیس کے تمام تھانوں میں امدادی سامان جمع کرنے کا انتظام کیا جا رہا ہے اور وہ اپنے قریب ترین پولیس پریسنٹ میں جاکرجمع کراسکتے ہیں۔ سوسائٹی کے صدر روحیل خالد نے بتایا کہ امدادی سامان میں خیمے، سردیوں کے لئے کمبل، صاف اورقابل استعمال کپڑے، سولر انرجی سے چلنے والے اور کھانا پکانے کے آلات وغیرہ قابل ترجیح ہیں جو سیلاب میں گھرے ہوئے انسانوں کے کام آسکیں۔البتہ ان تھانوں میں نقد عطیات کی رقم نہ تو وصول اور قبول کی جائے گی۔

اہم خبریں سے مزید