کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چھٹا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل جمعے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔سات میچوں کی سیریز میں پاکستان کو تین دو سے برتری حاصل ہے شائقین کرکٹ پر جوش ہیں اور میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔پاکستان چھٹا میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرسکتا ہے۔انگلش ٹیم کپتان جوز بٹلر سمیت کئی صف اول کے کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم ہے۔پاکستان آنے سے قبل اسے بھارت ، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کے ہاتھوں تین سیریز میں شکست ہوئی ہے پاکستان نے دو ہفتے پہلے ایشیا کپ کا فائنل کھیلا تھا۔بابر اعظم کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم نے چوتھا میچ تین رنز اور پانچواں میچ چار رنز سے جیت کر چھوٹے ہدف کا کامیاب دفاع کیا ہے لیکن پاکستانی ٹیم کی کارکردگی ٹاپ آرڈر بیٹنگ اور غیر معمولی بولنگ کے گرد گھوم رہی ہے۔محمد رضوان نے 46گیندوں پر63رنز بنائے اور مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کیا۔میچ کے دوران ڈیوڈ ملان کی تھرو کے دوران کمر پر گیند لگنے کے باعث محمد رضوان آرام کر رہے ہیں۔ان کی جگہ محمد حارث وکٹ کیپنگ کر رہے ہیں۔محمد رضوان کا کہنا ہے آئسنگ کررہا ہوں اور اس سے آرام آیا ہے امید ہے کہ چھٹے میچ تک مکمل فٹ ہوجائوں گا۔محمد رضوان دو طرفہ سیریز میں سب سے زیاد رنز بنانے والے بیٹربن گئےانہوں نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اب تک پانچ اننگز میں 315 رنز بنائے ہیں محمد رضوان دو ملکوں کی سیریز میں تین سو رنز کرنے والے دنیا کے پہلے بیٹر ہیں۔اس سے قبل سربیا کے لیزل ڈنبر نے بلغاریہ کیخلاف چار اننگز میں 284 رنز کئے تھے۔جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کوک نے ویسٹ انڈیز کیخلاف پانچ اننگز میں 255 رنز بنائے تھے۔محمد رضوان کی پانچ اننگز میں چار نصف سنچریاں بھی شامل ہیں اس سے قبل پاکستان کی جانب سے دو طرفہ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بابر اعظم کے تھےبابر اعظم نے 2021 میں جنوبی افریقا کیخلاف چار اننگز میں 210 رنز بنائے تھے۔ محمد رضوان کے علاوہ بابر اعظم نے کراچی کے دوسرے میچ میں سنچری بنائی لیکن مڈل آرڈر بیٹنگ بدستور مشکلا ت کا شکار ہے۔حیدر علی،آصف علی،خوش دل شاہ اور افتخار احمد کی کارکردگی بدستور ٹیم انتظامیہ کے لئے درد سر بنی ہوئی ہے۔معین علی کا کہنا تھا کہ پانچویں ٹی ٹوئنٹی میں ہماری بیٹنگ مایوس کن رہی۔اگر 60 سے 70 رنز کی شراکت قائم ہوتی تو ہم میچ جیت جاتے۔