• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ بزنجو اور جام کمال بلوچستان عوامی پارٹی کا سرمایہ ہیں، سینیٹر ثمینہ

کوئٹہ ( پ ر) مرکزی نائب صدر بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو اور جام کمال خان کے درمیان اختلافات کے خاتمے کو پارٹی اور صوبے کے مفاد میں خوش آئند قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کی جام کمال خان کے گھر آمد اور گلے شکوے دور کرنا نہایت خوش آئند بات ہے اور کچھ عرصے سے دونوں رہنمائوں کے درمیان جاری سیاسی اختلافات کے خاتمے سے صوبے کو فائدہ پہنچے گا۔جام بزنجو مفاہمت سے دونوں کے درمیان سیاسی اختلافات سے ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کے منصوبے خاک میں مل گئے ہیں اوراختلافات کو ہوا دینے والوں کو منہ کی کھانا پڑی ہے ۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے تہنیتی پیغام میں جام کمال خان اورعبدا لقدوس بزنجو کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنما بلوچستان عوامی پارٹی کا سرمایہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کسی بھی پارٹی میں ہو سکتے ہیں لیکن مل بیٹھنے سے یہ اختلافات ختم بھی ہو سکتے ہیں۔ آئندہ انتخابات سے قبل دونوں رہنمائوں کا مل بیٹھنا صوبے کے مفاد میں ہے اور ہم دونوں رہنمائوں کے سیاسی تجربے سے بلوچستان عوامی پارٹی کو مزید فعال بنائیں گے ۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مزید کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی عوام کے دلوں کی آواز ہے اور وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو بالکل درست سمت میں بلوچستان کو ترقی کی راہ پر لے جارہے ہیں ۔موجودہ حکومت میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہترہونے کے ساتھ صحت سمیت دیگر سہولیات صوبے کے دور دراز علاقوں میں بھی پہنچائی گئیں۔ موجودہ حکومت نے بلوچستان اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے جو کام کئے ان کی ماضی میں مثال نہیں ملتی جبکہ سابقہ ادوار میں بلوچستان کی ترقی و خوشحالی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بلوچستان گورنمنٹ نے بلوچستان کے عوام کے احساس محرومی کے ازالے کے لئے بلوچستان کے کونے کونے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا ہے جس کے ثمرات عوام کو مل رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ منفی سیاست کا دور ختم ہو چکا ہے اور کھوکھلے نعروں سے بلوچستان کے عوام کو بیوقو ف نہیں بنایا جاسکتا ۔بلوچستان کے عوام باشعور ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ بلوچستان عوامی پارٹی ہی ان کے مسائل حل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے احسن طریقے سے نمٹ کر ثابت کیا کہ وہ بلوچستان کے عوام سے مخلص ہے ۔ہم سب بلوچستان کے مفادات اور دکھ سکھ میں ایک ساتھ ہیں ۔
کوئٹہ سے مزید