لکھنو (اے ایف پی) بھارت میں زائرین کو مندر سے واپس لاتے ہوئے ٹریکٹر ٹرالی پلٹ کر تالاب میں گر گئی جس کے نتیجے میں 26افراد ہلاک اور 16زخمی ہوگئے۔واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع کانپور میں پیش آیا ، مقامی سرکاری عہدیدارسودھیر کمار نے بتایا کہ ٹریکٹر ٹرالی میں 50افراد سوار تھے ، انہوں نے ہلاکتوں کی تعداد 26بتائی ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئٹ میں واقعے پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔نریندر مودی نے ٹوئٹ میں کہا کہ کانپور میں ٹریکٹر ٹرالی حادثے کا سن کر دکھ ہوا، میری ہمدردی ان لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا ہے، اور زخمی ہونے والوں کے لیے دعائیں ہیں۔ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بتایا کہ ٹریکٹر ایک بڑی ٹرالی کو کھچینچ رہی تھی، اسے مسافروں کو نہیں بلکہ صرف زرعی مصنوعات کی مال برداری کے لیے استعمال ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ کانپور ضلع میں ہونے والا حادثہ دل دہلا دینے والا ہے۔