بھارتی فلمساز اور کوریوگرافر فرح خان نے بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان سے 32 برس قبل ہونے والی پہلی ملاقات کا تذکرہ چھیڑ دیا۔
گوری خان جو آج کل ایک شو ’ڈریم ہومز ود گوری خان‘ کررہی ہیں، اس کی حالیہ قسط میں فرح خان نے ان کے بارے میں اپنے جذبات اور خیالات بتائے۔
انہوں نے کہا کہ میں گوری خان کو 3 دہائیوں سے جانتی ہوں، اُس وقت سے جب یہ 1991ء میں شادی کے بعد شاہ رخ خان کے ساتھ گوا آئی تھی۔
بھارتی کوریوگرافر نے کہا کہ ان دنوں فلم ’کبھی ہاں کبھی ناں‘ کی شوٹنگ چل رہی تھی، وہیں ساحل پر میری پہلی بار گوری خان سے ملاقات ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ گوری خان نے اس وقت سوئمنگ سوٹ اور سارونگ زیب تن کر رکھا تھا، ہم وہیں سمندر میں رہے، یہ بالکل ایک آزاد روح تھی۔
فرح خان نے مزید کہا کہ ہم ایک ہی گھر میں اکٹھے رہ رہے تھے، گوری خان سے مل کر ایسے لگا جیسے میں اپنے کالج کے دوستوں میں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 32 سال بعد بھی گوری خان بالکل بھی نہیں بدلی ہے، اسے بالی وو ڈ کا اسٹار ڈم بھی متاثر نہیں کرسکا، یہ آج بھی انٹیریئر ڈیزائنر کے طور پر وہی متوسط گھرانے کی پنجابی لڑکی ہے۔
بھارتی فلمساز نے یہ بھی کہا کہ 32 سال بعد میں کہہ سکتی ہوں کہ گوری کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہ بالکل بھی نہیں بدلی ہے، یہ ہی نایاب کوالٹی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ میں یہ خوبی بہت ہی کم لوگوں میں ملے گی، کامیابی اور پیسے کے بعد لوگ آپے سے باہر ہوجاتے ہیں۔
فرح خا ن نے کہا کہ میرے قابل فخر بات یہ ہے کہ میں گوری کو اُس وقت سے جانتی ہوں جب اس کی نئی نئی شادی ہوئی تھی اور یہ دہلی سے گوا آئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ بہت اچھا کام کررہی ہے، یہ اچھی بیوی ہے، آریان، سہانا اور ابرام خان کے لیے بہت حد تک غیر معمولی ماں ہے، یہ گھر کو بہت اچھے سے چلاتی ہے، اس نے ہر چیز کو سنبھال رکھا ہے۔
بھارتی کوریوگرافر نے کہا کہ میں نے اس کے والدین اور خاندان کو دیکھا ہوا ہے، یہ تو یاروں کی یار ہے، اگر یہ آپ کی دوست ہے تو پھر زندگی بھر کے لیے ہے۔
گوری خان انٹیریئر ڈیزائننگ کے شعبے سے وابستہ ہیں اور ساتھ ہی شاہ رخ خان کے ساتھ پروڈکشن ہاؤس ’ریڈ چلی‘ کی شریک مالک ہیں۔