• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رکشہ ڈرائیور کا ساتھیوں کی مدد سے 14 لاکھ کا ڈاکہ، 2 گاڑیاں، 26 موٹر سائیکل غائب

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 14موٹرسائیکلوں 3رکشوں ،طلائی زیورات ، موبائل فونز،مویشیوں ونقدی جبکہ وفاقی دارالحکومت میں شہری طلائی زیورات، لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، موبائلز ، لیپ ٹاپ اوردیگر قیمتی اشیاکے علاوہ دو گاڑ یوں اور بارہ موٹرسائیکلوں سے محروم ہوگئے۔ تھانہ صادق آبادکے علاقہ میں روبینہ کوثر اوراس کی ہمشیرہ نے بازارسے واپسی پر گھر کیلئے ایک رکشہ کرایہ پر لیا ۔ ڈرائیور انہیں متعلقہ جگہ کی بجائے آگے لے گیا ، فون میں بھی مصروف رہا اور رکشہ ایک گلی کے اندر لے گیا جہاں 2نامعلوم موٹر سائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر ان سے جیولری مالیتی 14لاکھ50ہزار چھین کرلے گئے۔تھانہ ریلوے پولیس راولپنڈی کو قمرزمان نے بتایاکہ اس کی میٹرک کی سند ،انٹرمیڈیٹ انرولمنٹ ،الیکٹرک انجینئرنگ کی ڈگری اورڈی ایم سی مجاریہ یونیورسٹی آف لاہور،ڈومیسائل دوران سفرچوری ہوگیا۔تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ عمارچوک میں شکیب وارث اپنی بیوی کے ہمراہ جارہاتھاکہ دو موٹرسائیکل سوارگن پوائنٹ پر ان سے طلائی زیورات مالیتی3لاکھ روپے اورموبائل چھین کرلے گئے۔ تھانہ ترنول کے علاقے بی 17 بلاک اے میں سید جمشید سے نقدی اور قیمتی زیورات ،تھانہ سہالہ کے علاقے زراج ہاؤسنگ میں احمد ایوب سے نقدی اور سونا،تھانہ سبزی منڈی کے علاقے آئی ٹین ٹو میں عرفان احمد سے نقدی اور زیورات ، موبائل اور نقدی ،تھانہ انڈسٹریل ایریا کے علاقے آئی نائن تھری میں وجاہت کی3لاکھ35 ہزار روپے نقدی اڑا لی گئی۔تھانہ گنج منڈی کے علاقہ راجہ بازارمیں محمد نعیم اپنے کزن رضوان کے ہمراہ اپنے موٹر سائیکل پرجارہاتھاکہ تین نامعلوم موٹر سائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر ان سے2 موبائل ، موٹر سائیکل اور 57ہزار چھین کر لے گئے،ملزم اپنا موٹر سائیکل موقع پرچھوڑگئے ۔ دیگر وارداتیں تھانہ کینٹ ، ویسٹریج ،صدرواہ ،وارث خان ،کینٹ ،نصیرآباد ، ائرپورٹ ، رتہ امرال ،بنی،صادق آباد ، سول لائنز ، چکری،آبپارہ، لوہی بھیر ،کراچی کمپنی ،کورال ،رمنا ،شالیمار، شہزاد ٹاؤن ، کرپا، کھنہ اور تھانہ سنگجا نی کی حدود میں ہوئیں۔
اسلام آباد سے مزید