• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیتھرو ایئرپورٹ پر PIA کی 7 لینڈنگ سلاٹس 2 غیر ملکی ایئر لائنز کے حوالے

لندن(زاہد انور مرزا)پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے دنیا کے اہم اور مصروف ترین لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر اپنی سات لینڈنگ سلاٹس2غیر ملکی ایئرلائن کو دے دیں ۔یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی کے بعد لندن کے ہیتھروایئرپورٹ پر لینڈنگ سلاٹس کے سلسلے میں پی آئی اے نے غیر ملکی ایئرلائنز کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔ پی آئی اے نے لندن ہیتھرو ایئرپورٹ کی 6سلاٹس ترکش ایئر لائنز اور ایک سلاٹس کویت ایرویز کو چھ ماہ کیلئے استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔ پی آئی اے کے سی ای او اور چیف کمرشل آفیسر معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے اس وقت استنبول میں ہیں ۔ معاہدے پر دستخط کے بعد پی آئی اے کی سلاٹس محفوظ ہو جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق لندن ہیتھرو ایئرپورٹ نے پی آئی اے کی بیش قیمت لینڈنگ سلاٹس کو پابندیوں کے باعث استعمال نہ کرنے کی وجہ سے منسوخ کرنے کا کہا تھا ۔ پروازوں کی سلاٹس کی منسوخی سے پی آئی اے کا لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر مستقبل کا آپریشن متاثر ہو جاتا اور پی آئی اے کو دوسرے درجے کے ایئرپورٹس گیٹوک یا لوٹن منتقل ہونا پڑتا۔

یورپ سے سے مزید