• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکہ کا سوگ ختم، شاہ چارلس کا ڈینفر ملین کا دورہ، ساؤتھ ایشین کمیونٹی کے اعزاز میں ڈنر

گلاسکو (طاہرانعام شیخ)ملکہ کاسوگ ختم ہونے کے بعدشاہ چارلس سوم نے ڈینفرملین کا دورہ کیا،اس کو سکاٹ لینڈ کا8واں شہرقراردیدیا۔ سٹی چیمبر میں خطاب کے دوران شاہ چارلس نے کہاکہ ان کی والدہ سکاٹ لینڈ سے بہت محبت کرتی تھیں۔ انھوں نے ایڈنبرا میں جنوبی ایشیائی باشندوں کیلئے ڈنر کابھی اہتمام کیا۔ تفصیلات کے مطابق ملکہ الزبتھ دوم کا سرکاری سوگ ختم ہونے کےبعد نئے کنگ اور کوئن کنسارٹ کومیلا نے اپنی سرکاری تقریبات کامشترکہ آغاز سکاٹ لینڈ کے علاقے ڈینفرملین سے کیا ہےجسے آنجہانی ملکہ نے اپنی پلاٹینم جوبلی کے موقع پر ٹائون سے سٹی بنانے کا اعلان کیاتھا اورکنگ چارلس نے باضابطہ طورپر اس کوسکاٹ لینڈ کے آٹھویں شہرکا درجہ دیدیا۔ کنگ اور کوئن جب ڈینفرملین سٹی چیمبرز پہنچے تو سکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولاسٹرجن اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد کنگ چارلس سیدھے باہر کھڑے افراد کے پاس چلے گئے اور ان کے ساتھ گھل مل کر 5منٹ تک ان سےہاتھ ملاتے رہے ،بعدازاں سٹی چیمبرز میں اپنے خطاب میں انہوں نےاپنی والدہ الزبتھ کو یاد کرتےہوئے کہاہے کہ وہ سکاٹ لینڈ سے بہت محبت کرتی تھیں۔ ڈینفرملین کی دیگر تقریبات سےفارغ ہونے کےبعد کنگ اور کوئن کنسارٹ ایڈنبرا کے میری روڈ پیلس چلے گئے جہاں انہوں نےبرطانیہ میں آباد سائوتھ ایشین کمیونٹی کے اعزاز میں ایک ڈنر کا انتظام کیا تھا اس میں برطانیہ بھرسےتقریباً دوسو سے تین سوکےقریب افراد جمع تھے۔ جن میں پاکستانی، بھارتی، بنگلہ دیش اورسری لنکا وغیرہ شامل تھے۔ پاکستان کے ہائی کمشنر معظم احمد خان پاکستان کی نمائندگی کررہے تھے ۔ کنگ چارلس نے ان ممالک کےافراد کی برطانوی معاشرےمیں ہیلتھ سروس سے لیکر آرٹس میڈیا تعلیم کاروبار اور دیگرشعبوں میں ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ کنگ چارلس کااپنی سرکاری تقریبات کے آغاز کےپہلے دن جنوبی ایشیا کےافراد کوڈنر پر مدعو کرناان افراد کے لئے محبت اور اہمیت کوظاہر کرتا ہے جس سے معاشرے میں کثیرالجہتی کلچرل کو فروغ ملے گا۔

یورپ سے سے مزید