اسلام آباد(اے پی پی،مانیٹرنگ نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کرہ ارض پرسب سے زیادہ جھوٹ بولنے والا شخص ہےجواقتدار سے محروم ہونے کے بعد معاشرے میں نفرت کا زہرگھول رہا ہے،عمران خان کی جھوٹ اور دھوکہ دہی پر مبنی پالیسیوں نے ملکی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے،مسلح افواج کو کمزور کرنے کی اسکی خواہش پوری نہیں ہو گی،موجودہ حکومت امریکا کیساتھ تعلقات بہتر بنانےکیلئے سرگرم عمل ہے۔
برطانوی اخبار ’’دی گارجین‘‘کوانٹرویومیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنر ل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر عالمی رہنمائوں کے عمران خان کے بارے میں خیالات سن کرحیران رہ گیا.
انہوں نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو بلاوجہ نقصان پہنچایا،نومبرمیں چین کا دورہ کروں گا، عمران خان نے اپنے ذاتی ایجنڈے کےلئے کرپشن کے خاتمے کو اپنا منشور بنا کر پیش کیا لیکن وہ پاکستانی تاریخ کے سب سے زیادہ ناتجربہ کار،خود پسند، انا پرست اورناپختہ سیاست دان ثابت ہوا.
لیک ہونے والی آڈیوز سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ عمران خان کرہ ارض پر سب سے زیادہ جھوٹ بولنے والا شخص ہے اور یہ بات میں خوشی سے نہیں کہہ رہا بلکہ یہ ہمارے لئے شرمندگی اورتشویش کا باعث ہے کیونکہ عمران خان کے ذاتی ایجنڈے اورمقاصد کےلئے بولے گئے جھوٹ سے ہمارے ملک کے تشخص کو نقصان پہنچا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان کو اپنے تمام دانستہ مجرمانہ اقدامات کے لئے جوابدہ ہونا پڑے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس سے قبل کبھی ملک کے مستقبل کے حوالے سے پریشان نہیں تھے۔