راولپنڈی (نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کیخلاف زیر سماعت کیس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ محمد ریاض کو تبدیل کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر ایڈمن ایف آئی اے کو طلب کرلیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیا کہ افسر کا تبادلہ گستاخانہ مواد کی تشہیر کیخلاف کیس کی عدالتی کارروائی کو صفر کرنیکی کوشش ہے ،جبکہ ایف آئی اے نے گزشتہ پانچ برس کے دوران توہین مذہب و دیگر امور کیخلاف موصول ہونے والی درخواستوں پر ایک رپورٹ بھی جمع کرائی ہے۔ جسٹس عبدالعزیز نے استفسار کیا کہ ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر کہاں ہیں ،جس پر اے ڈی لیگل ایف آئی اے شیخ عامرنے بتایا کہ انکا تبادلہ کر دیا گیا ہے، اب خرم سعید رانا نئے ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ تعینات ہوئے ہیں، وہ کمراہ عدالت میں موجود ہیں ،جس پر عدالت عالیہ نے ان سے استفسار کیا کہ آپ بتائیں کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کے خلاف اب تک کیا کاروائی کی گئی۔