• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولا جٹ فلم کو نظر لگ گئی تھی، بکروں کے صدقے دیئے، فواد خان


دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے ہیرو سپر اسٹار فواد خان نے دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ درمیان میں فلم کو نظر لگ گئی تھی، بکروں کے صدقے دیئے۔

 کراچی میں جنگ/ جیو کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے فواد خان نے کہا کہ مولا جٹ کی ایکشن شوٹنگ کے دوران زخمی ہوکر لوکیشن سے سیدھا اسپتال پہنچ گیا تھا۔

اس موقع پر فلم کی پروڈیوسر عمارہ حکمت، اداکارہ ماہرہ خان، حمائمہ ملک، حمزہ علی عباسی اور ڈائریکٹر بلال لاشاری بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب مجھے ڈائریکٹر بلال لاشاری نے مولاجٹ کا کردار آفر کیا تو کنفیوژ ہوگیا تھا۔

جیو کی فلم خدا کے لیے، سے فلموں میں شناخت بنانے والے ہیرو فواد خان نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ سلطان راہی اور مصطفٰی قریشی کی مولا جٹ اس وقت ریلیز ہوئی تھی تب ہم پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اسکول میں بچوں سے اس فلم کے مقبول ڈائلاگز سنے تھے۔ نواں آیاں اے سوہنیا۔مولے نو مولا نہ مارے تے مولا نئیں مردا۔ ہم نے نئی مولاجٹ کی عمارت تعمیر کرنے میں خون پسینہ ایک کیا ہے۔

فواد خان نے بتایا کہ مولا جٹ کی شوٹنگ کے دوران بہت موٹا ہوگیا تھا، اس لیے جب تک فلم مکمل نہیں ہوئی کسی اور فلم کی شوٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔اس دوران 2 سال تک میوزیکل پروگرام کرتا رہا۔

پاکستانی اداکار کا کہنا تھا کہ میں بنیادی طور پر سست انسان ہوں، ہمارے استاد کہتے تھے سستی ہزار نعمت ہے۔

فواد خان نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ نئی مولاجٹ نہ صرف سرحد کے اس پار بلکہ دنیا بھر میں دھوم مچا دے گی، فلم میں نوری نت کے کردار میں حمزہ علی عباسی نے دبنگ اداکاری کی ہے۔

فواد خان نے کہا کہ فلم پنجاب کے علاوہ کراچی میں بھی بے حد پسند کی جائے گی کیوں کہ یہ ایکشن مووی ہے۔

فواد خان نے مزید کہا کہ 13 اکتوبر کو سنیما گھروں کا رخ کریں اور فلم کے ساتھ ساتھ پاکستان فلم انڈسٹری کو بھی سپورٹ کریں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید