لندن (جنگ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنما اور عمران خان کے سابق قریبی ساتھیوں علیم خان اور عون چوہدری نے لندن میں مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف سے اہم ملاقات کی ہے، اس ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز بھی موجود تھیں جبکہ عون چوہدری اس اہم ملاقات میں شرکت کیلئے لندن آئے ہیں۔ جیو نیوز کے مطابق ملاقات میں پنجاب حکومت کے حوالے سے گفتگو ہوئی ہے، تاہم علیم خان نے ملاقات کے بعد میڈیا سے سیاست پر گفتگو کرنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لندن کے موسم کا پاکستان کی سیاست پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ادھر مریم نواز سے صحافی نے سوال کیا کہ پاکستان میں کیا ہونے جا رہا ہے تو مریم نواز نے جواب دیا کہ میڈیا سے اندر بیٹھ کر باتیں ہوں گی۔ پنجاب میں تبدیلی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سب باتیں ابھی بتادیں، اتنی تو فیملی سے بات نہیں ہوتی جتنی میڈیا سے ہوتی ہے۔