کراچی ( اسٹاف رپورٹر، اے پی پی ) چینی قونصل جنرل مسٹر لی بیجیان نے وزیر اعلیٰ کو کراچی کیلئے ایک لاکھ(یوان )کا چیک اور سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے سی ایم فنڈ کیلئے پانچ لاکھ( یوان ) کا چیک پیش کیا،وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ منہدم مکانات کی تعمیر کیلئے بنائی گئی کمپنی کا آڈٹ شفافیت کیلئےمعروف فرم سے کرائینگے،چینی قونصل جنرل نے کہاکہ ماہرین سکھر کا سروے کرینگے پھر مکانات کی تعمیر نو کیلئے علاقوں کا انتخاب کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ چیک انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کے موقع پر دیا۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے چینی قونصل جنرل مسٹر لی بیجیان سے کہا کہ شدید بارشوں کے دوران منہدم مکانات کی تعمیر کیلئے بنائی گئی کمپنی میں پرائیویٹ سیکٹر کے نامور افراد کو شامل کیا گیا ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔