• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوڈیشل کمیشن کا اجلاس، جسٹس اطہر من اللّٰہ سمیت 3 ججز کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی سفارش، جسٹس شفیع صدیقی کے نام پر اکثریت کا اتفاق نہ ہوسکا

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کی پانچ خالی نشستوں پر نئی تقرری کے لئے نامزدکئے گئے چار ججوں میں سے تین کی تقرری کی سفارش کر دی ہے.

 چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی زیر صدارت پیرکو منعقدہ اجلاس میں جسٹس شاہد وحید، جسٹس اطہر من اللہ،جسٹس حسن اظہر رضوی کے نام بطور جج سپریم کورٹ تقرری کیلئے منظور کر لیے گئے ہیں جبکہ جسٹس شفیع صدیقی کا نام اتفاق رائے نہ ہونے پر موخر کر دیا گیا ہے ،کمیشن نے سفارشات حتمی منظوری کیلئے پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دی ہیں۔

صباح نیوزکے مطابق جسٹس شاہد وحید اور جسٹس حسن اظہر رضوری کے نام کثرت رائے سے منظور ہوئے جبکہ جسٹس اطہر من اللہ کا نام اتفاق رائے سے منظور کیا گیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسی، جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس منصور علی شاہ نے جسٹس اظہر حسن رضوی اور جسٹس شاہد وحید کے ناموں کی مخالفت کی تھی جبکہ تین ماہ قبل بھی کمیشن کے اجلاس میں سپریم کورٹ کے ان تین ججز سمیت پاکستان بار کونسل کے نمائندے کے علاوہ وزیر قانون اور اٹارنی جنرل نے بھی ان ناموں کی مخالفت کی تھی۔

جسٹس اطہر من اللہ کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی سفارش کثرت رائے سے تھی جبکہ جسٹس شاہد وحید اور جسٹس اظہر رضوی کی سفارش چار کے مقابلے میں پانچ ارکان نے کی۔

جوڈیشل کمیشن کے رکن اختر حسین نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایاکہ تین ماہ قبل کمیشن کے اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نےجسٹس شاہد وحید اور جسٹس حسن اظہر رضوی کے ناموں کی مخالفت کی تھی لیکن پیر کے روز ہونیوالے کمیشن کے اجلاس میں انہوںنے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی طرف سے پیش کیے گئے انہی دو ناموں کی حمایت کردی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے معاملات ہیں حکومت ہی جانے لیکن پاکستان بار کونسل کا شروع سے ہی مطالبہ رہا ہے کہ سنیارٹی کی بنیاد پر ہی سپریم کورٹ میں تعیناتی ہونی چاہیے‘.

اختر حسین کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کی طرف سے پیش کئے گئے چوتھے نام جسٹس شفیع صدیقی کے نام پر غور اس لیے مؤخر کردیا گیا کیونکہ کمیشن کے رکن جسٹس ریٹائرڈسرمد جلال عثمانی نے اس کی مخالفت کی تھی۔

 انہوں نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس شفیع صدیقی کے نام کی مخالفت جسٹس قاضی فائزعیسی‘ جسٹس سردار طارق اوروزیر قانون اور اٹارنی جنرل نے بھی گزشتہ اجلاس میں کی تھی‘ جسٹس اطہر من اللہ اس وقت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ہیں جبکہ جسٹس شاہد وحید کا تعلق لاہور ہائی کورٹ سے اور جسٹس حسن اظہر کا تعلق سندھ ہائیکورٹ سے ہے۔

kk

اہم خبریں سے مزید