لندن (اے ایف پی، جنگ نیوز) برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس سوم نے رشی سونک کو ملک کا نیا وزیراعظم مقرر کردیا، 42 سالہ رشی سونک گزشتہ ایک صدی سے بھی زائد عرصے سے برطانیہ کے سب سے کم عمر ، ملک کے پہلے سفید فام اور وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے والے پہلے بھارتی نژاد اور ہندو بن گئے ہیں، رشی سونک نے سابقہ وزیراعظم لز ٹرس کی غلطیوں کو ٹھیک کرنے کے عزم کا اظہار کیاتاہم خبردار کیا کہ مستقبل میں مشکل فیصلے لئے جائیں گے،عالمی رہنماؤں نے رشی سونک کو وزیراعظم بننے پر مبارکبادپیش کی ہے ، امریکی صدر جوبائیڈن نےدیوالی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں سونک کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک نئی سنگ میل ہے کہ برطانیہ کی قیادت ایک بھارتی نژاد شخص کرے گا، فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی نے کہا کہ ہم یوکرین جنگ سمیت کئی اہم چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کریںگے ، جرمن چانسلر اولاف شلز نے کہا کہ ہم نیٹو اور جی سیون میں قریبی دوستوں کی طرح تعاون کو بڑھائیں گے ، روس نے کہا ہے کہ رشی سونک کے وزیراعظم بننے کے بعد ماسکو اور لندن کے تعلقات میںمثبت پیش رفت کی کوئی امید نہیں ہے ، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔