• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے مقصد لانگ مارچ پر عوام کے اربوں روپے خرچ ہو رہے ہیں، عمران کا یہ آخری کارڈ بھی ہاتھ سے گیا، مریم نواز

لندن ، کراچی(جنگ نیوز، صباح نیوز ) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ بے مقصد لانگ مارچ پر عوام کے اربوں روپے خرچ ہو رہے ہیں، عمران خان کا یہ آخری کارڈ بھی ہاتھ سے گیا۔ ایک سرٹیفائیڈ جھوٹا اور مکار شخص عمران نیازی لانگ مارچ کے نام پر ایک سازش کے تحت ملک میں خون خرابہ کرانا چاہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں پریس کانفرنس اور مسلم لیگ ن کے رہنما اور ممبر پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ سے گفتگو کے دوران کیا۔ عرفان دولتانہ کے مطابق مریم نواز نے کہا کہ فتنہ خان دنیا کا جھوٹا ترین شخص ہے جس کی تمام سیاست جھوٹ سے شروع ہو کر جھوٹ پر ختم ہوتی ہے عمران خان ملکی قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف زہر افشانی کرکے بھارت میں شہرت کی بلندیوں پر ہے ۔یہ اس کی محب الوطنی کا سرٹیفیکیٹ ہے۔ لانگ تماشہ ناکام ہونے پر حواس باختہ ہو کرخونی انقلاب کی باتیں کرنے لگا ہے ذاتی خواہشات کی تکمیل نہ ہو نے پر فتنہ خان ملک کی سلامتی کے درپے ہے۔  لندن میں پریس کانفرنس میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی وزیراعظم شہباز شریف ہی کریں گے، لانگ مارچ عمران خان کا آخری کارڈ تھا وہ بھی ہاتھ سے گیا۔ عمران خان نے عوام کے ٹیکس کا پیسہ اپنے لانگ مارچ پر لگادیا، قومی وسائل کو مارچ کے نام پر بے دردی سے لوٹا جارہا ہے، اتنے لوگ لانگ مارچ میں نہیں ہوتے جتنے لوگ پنجاب حکومت کے اس کی حفاظت پر مامور ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جرائم کی فہرست بہت طویل ہے، اس کی سیاسی جدوجہد مشرف سے شروع ہو کرآنکھ، کان، ناک کہنے والوں تک جاتی ہے۔مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف آرمی چیف کی تقرری آئین کے مطابق کریں گے، لانگ مارچ عمران خان کا آخری کارڈ تھا وہ بھی ہاتھ سے نکل گیا کیونکہ اسے عوام نے مسترد کردیا۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ فارن فنڈڈ فتنے نے جھوٹ بولنے کے سوا کوئی کام نہیں کیا، اگر اسٹیبلشمنٹ نے انہیں نوازشریف کی کرپشن کے بارے میں کچھ بولا تھا تو ثبوت دیکھنے چاہیے تھے کیونکہ عدالتیں شواہد اور ثبوت کی بنیاد پر ہی فیصلے دیتی ہیں۔ عمران خان کا لانگ مارچ پانچ دن سے لاہور میں پھنسا ہوا ہے، روزانہ یہ دو سے تین گھنٹے سفر کر کے لانگ مارچ ختم کردیتے ہیں، اسی طرح کا سلسلہ چلتا رہا تو یہ ایک ماہ میں اسلام آباد پہنچے گا۔ مریم نواز نے کہا کہ جھوٹ، مکاری اور فریب سے قومی سلامتی کے خلاف سازشی بیانیہ تیار کیا گیا، جس کے لیے ڈی جی آئی ایس آئی کو منظر عام پر آنا پڑا۔نائب صدر مسلم لیگ (ن) کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان رات میں ان کے پیر جبکہ دن میں گریبان پکڑتا ہے، رات کو چھپ چھپ کر ہونے والی ملاقاتوں کے حوالے سے اب قوم جان گئی ہے اور وہ اس فتنے پر یقین نہیں رکھتی۔ عمران خان نے 4 سال میں اتنے لوگ لانگ مارچ میںنہیں ہوتے جتنے لوگ پنجاب حکومت کے اس کی حفاظت پر مامور ہیں۔

یورپ سے سے مزید