لاہور،چوہنگ(خصوصی رپورٹر،نامہ نگار ،کرائم رپورٹر) رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ کل بروزجمعرات بعد نماز عصر شروع ہو گا ۔ پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک سے مندوبین شرکت کریں گے۔ عارضی ہسپتال کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے، شرکاء کو واک تھرو گیٹ کے ذریعے گزارا جائیگا، بیرون ممالک سے آنے والے مندوبین کے لئے علیحدہ انتظامات کئے گئے ،ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی کی زیر صدارت تبلیغی اجتماع کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ اجتماع کے اندر اور باہر سیف سٹی کے کیمروں کے علاوہ ضلعی انتظامیہ لاہور سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گی اور مرکزی کنٹرول روم اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ کے آفس میں بنایا جائے گا۔۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے لئے ایل ڈبلیو ایم سی دو شفٹوں میں کام کرے گی۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ 27 ڈاکٹرز دو شفٹوں میں کام کریں گے۔سی سی پی اولاہور غلام محمود ڈوگر نے رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے مختلف پنڈال،سکیورٹی پوائنٹس،شرکا کی عارضی قیام گاہوں،پارکنگ سٹینڈز و متصل مقامات کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایس پی ٹریفک آصف صدیق نے ٹریفک اور پارکنگ انتظامات بارے آگاہ کیا۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ دنیا بھر سے رائیونڈ اجتماع کے انٹرنیشل ایونٹ میں آنے والے شرکا کی سکیورٹی لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔ ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر نے کہا کہ لاہور پولیس کے 3ہزار سے زائدافسران وجوان فرائض انجام دیں گے۔