اسلام آباد(این این آئی)پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی پر تشدد کے خلاف سینیٹرز نے پارلیمنٹ سے سپریم کورٹ تک مارچ کیا۔سینیٹرز نے اعظم سواتی کو انصاف دلانے اور مقدمہ درج کرنے کے حق میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ ایوان بالا کے تمام اراکین ملک کی اعلی عدلیہ کے سامنے کھڑے ہیں۔اگر آئین پاکستان کے تحت اداے نہ چلیں تو وہ ریاست نہیں چل سکتی۔ آج اس ریاست کا چہرہ شفیق ماں کا چہرہ نہیں لگتا۔ انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی کو تشددکا نشانہ بنایاگیا‘ سپریم کورٹ کے باہر اپنا مقدمہ لے کر کھڑے ہیں، امید ہے انصاف ہوگا اور انصاف ہوتا نظر بھی آئے گا۔ سینیٹر شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ عمران خان معاملے پر بھی امید ہے عدلیہ اپنا کردار ادا کرے گی۔ مصطفی نواز کھو کھر نے ایک مثال قائم کی، باقی ارکان سے بھی کہتا ہوں اپنا کردار نبھائیں۔سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے، پارلیمنٹ سپریم رہے گی، کمیٹی کمیٹی کھیلنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا ۔ جو بند کمروں میں بات کرتے ہیں، وہ اپنا خون سڑک پر نہیں دیتے۔ انہوں نے پی ٹی آئی ارکان سینیٹ کے ساتھ سپریم کورٹ کے باہر علامتی دھرنے کا بھی اعلان کیا۔