• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں ریلوے ٹریکس پر دھماکوں کا ملزم کورنگی کراچی سے گرفتار

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

سندھ کے مختلف علاقوں میں ریلوے ٹریکس پر بم دھماکوں، قتل، اقدامِ قتل اور دیگر وارداتوں میں ملوث کالعدم تنظیم کے ایک رکن کو کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے عملے نے کراچی کے علاقے کورنگی میں کارروائی کے دوران گرفتار کیا ہے، ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی آپریشن ٹو کے عملے نے وفاقی حساس ادارے کی معاونت سے کورنگی انڈسٹریل ایریا مہران ٹاؤن میں سرجن فیض محمد روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم رستم علی شر ولد محمد عثمان کو گرفتار کیا ہے جس کے قبضے سے 30 بور پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں۔

ترجمان کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس کا تعلق کالعدم تنظیم ایس آر اے سے ہے جس کا سربراہ ذوالفقار خاصخیلی جرمنی سے سوشل میڈیا ایپس کے ذریعے انہیں مختلف دہشت گردی کے واقعات اور ٹارگٹس کی ہدایات دیتا ہے۔

ملزم پر ایس آر اے تنظیم کے دیگر ساتھیوں کی مالی معاونت، اسلحہ و گولہ بارود کی خریداری اور سہولت کاری کا بھی الزام ہے۔

سی ٹی ڈی کی جانب سے ملزم کے خلاف سندھ کے مختلف تھانوں میں درج مقدمات کی تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کے خلاف قتل، اقدامِ قتل کے علاوہ بیشتر مقدمات مختلف ریلوے ٹریکس پر دھماکے کرنے کے ہیں جن میں ملزم نامزد، ملوث اور مطلوب ہے۔

قومی خبریں سے مزید