• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران میں مظاہروں کے دوران خمینی کا پرانا گھر نذر آتش

تہران(نیوزڈیسک) ایران میں حکومت کے خلاف جاری احتجاجی مظاہروں کے دوران مشتعل افراد نے سابق ایرانی رہبر اعلی اور انقلاب کے بانی روح اللہ خمینی کے پرانے گھر کو نذر آتش کردیا۔بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق پولیس حراست میں مھسا امینی کی ہلاکت کے بعد ملک بھر میں مظاہروں کی لہرمزید شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ حکومت کے خلافاحتجاج تیسرے مہینے میں داخل ہو چکا ہے۔ اسی سلسلے میں گذشتہ روز مشتعل افراد نے خمین شہر میں واقع انقلابِ ایران کے بانی اور سابق رہبر اعلی روح اللہ خمینی کی پرانی رہائش گاہ جسے اب میوزیم میں تبدیل کیا جا چکا ہے، کو آگ لگادی۔ رہائش گاہ کو نذر آتش کرتے وقت مظاہرین حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کررہے ہیں۔ احتجاج کرنے والے حکومت اور سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے خلاف بھی نعرے لگاتے رہے۔میڈیا ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ایران کے کم از کم 23 مختلف شہروں میں مظاہرین سڑکوں پر احتجاج کرتے رہے۔ ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق احتجاج کے دوران سکیورٹی فورسز کے 7ارکان ہلاک ہوئے۔واضح رہے کہ رواں برس ستمبر میں 22 سالہ مھسا امینی کی پولیس حراست میں ہلاکت کے بعد سے ملک بھر میں احتجاج جاری ہے۔ اس دوران پرتشدد مظاہروں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 250 سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان ہونے والے تصادم میں کئی اہل کار بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔
یورپ سے سے مزید