اسلام آ باد (نیوز رپورٹر)گلبرگ گرینز سے پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس تک ایکسپریس وے ٹریفک کا ٹربل پوائنٹ بن گیا ہے۔یہ دو کلومیٹر کا پورشن زیر تعمیر ہے۔ سب سے زیادہ مسئلہ کورنگ برج کا ہے جس کا ٹھیکہ پہلے ایک نجی تعمیراتی فرم کو دیاگیاتھا جو اسے ادھورا چھوڑ گیا۔ سی ڈی اے نے یہ کام بعد ازاں ایف ڈبلیو او کو دیدیا ۔ ایف ڈبلیو او کا سارا فوکس راول ڈیم انٹر چینج پر رہا اس کی تکمیل کے بعد اس پر توجہ دی جا رہی ہے تاہم تاخیر کی وجہ سے یہاں سے گزرنے والی ٹر یفک کو مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ پل کچھوے کی رفتار سے بن رہا ہے۔ گلبرگ گرینز سے پی ڈبلیو ڈی تک دو کلومیٹر آٹھ رویہ سڑک اور ریلوے پل کی تعمیر کا ٹھیکہ ایف ڈبلیو او کو دیاگیا ہے ۔ یہ ٹھیکہ 25مارچ کو دیاگیا اور یہ پراجیکٹ15ماہ میں یعنی جون2023تک مکمل ہونا ہے۔ ایکسپریس وے بین الا اضلاعی شاہراہ ہے۔ یہاں سے ہیوی ٹریفک گزرتی ہےاسلئے دو دولین کنکریٹ سے تعمیر کی جا ر ہی ہیں۔ اس شاہراہ پر ٹریفک کا دبا ؤ بہت زیادہ ہے کیونکہ پی ڈبلیو ڈی سوسائٹی ‘ بحریہ ٹاؤن ‘ پولیس فاؤ نڈ یشن ‘ سواں گارڈن ‘ ڈی ایچ اے ‘ نیول اینکریج ‘ سی بی آر سوسائٹی ‘ پا کستان ٹاؤن سمیت کئی آ بادیوں کی ٹریفک یہاں گزرتی ہے۔ یہاں کئی شادی ہال ہیں ۔ شہر یوں نے تعمیراتی کام کی سست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیئر مین سی ڈی اے کیپٹن (ر) محمد عثمان سے اپیل کی ہے کہ کام کی رفتار کو تیز کیا جا ئےاور انہیں پریشانی سے نجات دلائی جا ئے۔ ان کا مؤقف ہے کہ ٹریفک جام کی وجہ سے وقت اور ایندھن کا ضیاع ہو تا ہے اور حادثات رو نما ہوتے ہیں۔ممبر انجنیئرنگ سی ڈی اے سید منور شاہ نے بتا یا کہ کورنگ پل کو جنوری تک مکمل کر لیا جا ئے گا۔ گلبرک سے پی ڈبلیو ڈی تک سڑک کی تعمیر تیزی سےجاری ہے۔ ریلوے پل کو ایک جانب سے 31دسمبرتک تعمیر کیا جا ئے گا۔ اس پر ٹریفک کھول کر جون تک دوسرا پورشن مکمل کیا جا ئے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جا ئے گا تاکہ شہر یوں کو درپیش تکلیف کا ازالہ ممکن ہوسکے۔انہوں نے یقین دلایا کہ گلبرگ گرینز سے پی ڈبلیو ڈی تک مکمل پراجیکٹ مقررہ شیڈول پر جون 2023تک مکمل کرلیا جا ئے گا اس پر اب تک 33فی صد کام ہوچکا ہے۔