• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر فائلز کو پروپیگنڈا قرار دیے جانے پر انوپم کھیر تلملا اٹھے

کولاج فوٹو: سوشل میڈیا
کولاج فوٹو: سوشل میڈیا

متنازع بھارتی فلم کشمیر فائلز کو پروپگینڈا قرار دیے جانے پر بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر تلملا اٹھے۔

سوشل میڈیا پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انوپم کھیر اسرائیلی فلم ساز کی جانب سے کیے گئے سچائی پر مبنی تبصرے کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دینے لگے۔ 

اپنے پیغام میں انوپم کھیر کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کو سچ دیکھنے اور دکھانے کی عادت نہیں ہوتی۔

ماتھے پر شکن لائے انوپم کھیر کہتے ہیں کہ اگر آپ سچ سننا اور دیکھنا نہیں چاہتے تو اپنے آنکھیں بند کرلیں اور منہ سی لیں۔ 

انہوں نے اسرائیلی فلم ساز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ہر ملک میں اس ملک کے دشمن اپنے ہی کچھ ہوتے ہیں اور یہ بھی ایک سچ ہے۔‘

خیال رہے کہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (IFFI) کی جیوری کے چیئرمین نواڈ لیپڈ نے بالی ووڈ فلم ’دی کشمیر فائلز‘ کو بیہودہ پروپیگنڈا قرار دیا تھا۔ 

جیوری انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا کے چیئرمین اور اسرائیلی فلم ساز نواڈ لیپڈ کا کہنا تھا کہ کشمیر فائلز پروپیگنڈا اور بیہودہ فلم ہے، ایسی فلم کو نیشنل ایوارڈ ملنا انتہائی حیران کُن ہے۔

خیال رہے کہ فلم دی کشمیر فائلز مقبوضہ کشمیر کے پنڈتوں کی روداد پر مبنی ہے جس میں 1990 کے دوران پنڈتوں کے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتیوں کو دکھایا گیا ہے۔

اس فلم میں کشمیری مسلمانوں کو منفی اور دہشتگرد کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دی کشمیر فائلز پر مسلمانوں کے ساتھ ساتھ کشمیری پنڈتوں نے بھی اعتراضات اٹھائے تھے۔ 

دوسری جانب بھارتیوں کو یہ سچائی ہضم نہ ہوسکی اور اسرائیلی فلم میکر کے بیان پر سوشل میڈیا پر بھارتیوں نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید