• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اچھا بھائی سب کو خدا حافظ، فوج سے روحانی رابطہ رہے گا، جنرل باجوہ

راولپنڈی(نمائندہ جنگ‘این این آئی)جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں کمان کی تبدیلی کی تقریب کے اختتام پر نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر ، چیئرمین جوائنٹ آف اسٹاف کمیٹی ‘ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر ، ڈی جی آئی ایس آئی اور کو ر کمانڈرز نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو رخصت کیا۔


رخصتی کے وقت جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اچھا بھائی سب کو خدا حافظ ،پاک فوج زندہ باد پاکستان پائندہ باد اور وہ گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہو گئے۔قبل ازیں تقریب سے اپنے الوداعی خطاب میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ وہ عنقریب گمنامی میں چلے جائیں گے تاہم فوج سے روحانی رابطہ ہمیشہ قائم رہے گا، فوج نے ہمیشہ میری آواز پر لبیک کہا، میں نے ان سے جہاں پسینہ مانگا انہوں نے خون دیا‘یقین ہے فوج جنرل عاصم کی قیادت میں نئی منازل عبور کرے گی، ان کی تعیناتی مثبت ثابت ہوگی‘خوشی ہے فوج ایک مایہ ناز اور قابل افسر کے حوالے کرکے جارہا ہوں ، اپنی فوج پر فخر ہے، جو کم وسائل کے باوجود سیاچن سے لے کر صحرا تک سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے، یہ لسانیت، رنگ نسل اور مذہب کی تفریق سے بالاتر ہوکر ملک کے چپے چپے کا دفاع کرتی ہے، یقین ہے آنے والے وقت میں فوج جنرل عاصم کی قیادت میں اس سے بڑھ کر ملک کی خدمت کرے گی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو مبارکبادی دی۔جنرل باجوہ کا کہناتھاکہ چھ سالہ دور میں لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی ہو یا ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی، امن و امان کے چیلنجز ہوں یا قدرتی آفات کا مقابلہ، اس فوج نے ہمیشہ میری آواز پر لبیک کہا اور جہاں میں نے ان سے پسینہ مانگا، انہوں نے مجھے خون دیا۔ ہماری سپہ کی قربانیوں کا اعتراف ہمارے دوست اور دشمن دونوں کرتے ہیں۔اس سے پہلے کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے روایت کے مطابق نئے آرمی چیف کو کمان کی چھڑی سونپی ، کمان کی یہ چھڑی انگریزوں کے دور فوجی روایت کا حصہ چلی آرہی ہے، کمانڈ سٹک 1 سٹار یعنی بریگیڈیئر کے عہدے کے افسران کو سونپی جاتی ہے اور یہ سلسلہ آرمی چیف کے عہدے پر جا کر ختم ہو جاتا ہے ، جنرل قمر جاوید باجوہ سے چھڑی وصول کرنے کے بعد جنر ل عاصم منیر نے انہیں سلوٹ کیا اور جنرل باجوہ نے انہیں گلے لگا لیا۔

اہم خبریں سے مزید